ملت کی داد رسی کے لیے جمعیۃ علماء ہند ہر محاذ پر کھڑی ہے
تربیتی اجلاس جمعیۃ علماء ضلع بوکارو سے مولانا سید اسجد مدنی نائب صدر جمعیۃ علماء ہند کا خطاب
ستمبر 28 بوکارو
آج جامعۃ الصالحین چندر پورہ بوکارو میں جمعیۃ علماء ضلع بوکارو اور مقامی جمعیتوں کے سینکڑوں ممبران و کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے جمعیۃ علماء ہند کے نائب صدر حضرت مولانا سید اسجد مدنی نے ضلع جمعیۃ کے استحکام و فعالیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جمعیۃ علماء میں اصل مقامی جمعیتیں اور ان کے کارکنان و ممبران ہیں۔
واضح رہے کہ آج کا یہ تربیتی اجلاس جمعیۃ علماء ضلع بوکارو کے زیرِ اہتمام منعقد کیا گیا تھا، جس میں پورے ضلع کےچار سو سے زیادہ ممبران شریکِ اجلاس ہوئے۔
مولانا مدنی نے کہا کہ آج مجھے بوکارو جمعیۃ کے کسی اجلاس میں پہلی مرتبہ شرکت کا موقع ملا ہے،انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ بڑی تعداد میں یہاں علماء اور جمعیۃ کے فعال کارکنان شریک ہیں۔
نائب صدر جمعیۃ علماء ہند نے کہا کہ اس جمہوری ملک میں جس جماعت کے پاس جتنے سر ہوں گے، اس کی آواز میں اسی قدر قوت اور طاقت ہوگی، جن صوبوں میں جمعیۃ علماء ہند کے بنیادی دوروپے والے ممبران جس قدر زیادہ ہیں، وہاں ان کی آواز میں بھی قوت زیادہ ہے، جس کو وہاں کی انتظامیہ اور حکومت بھی جانتی ہے، انہوں نے کہا، جھارکھنڈ میں بڑی تعداد میں مسلمان بستے ہیں، ضرورت ہے کہ یہاں بڑی تعداد میں جمعیۃ علماء ہند کی ممبر سازی ہونی چاہیے۔
کارکنانِ جمعیۃ کو مخاطب کرتے ہوئے مولانا مدنی نےکہا کہ آپ کی جماعت جمعیۃ علماء ہند ملک و ملت کے ہر محاذ میں کھڑی ہے اور نہ صرف یہ کہ اس کا ماضی شاندار اور روشن رہا ہے، بلکہ آج بھی وہ ملی خدمات میں بے مثال ہے۔
مولانا مدنی نے جمعیۃ علماء ہند کی حالیہ خدمات بلڈوزر کاروائی پر عدالتی روک، ہلدوانی مقدمہ میں 70 نوجوانوں کی رہائی، اودے پور فائلز پر روک جیسی اہم ملی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تحفظِ اوقاف کے سلسلہ میں بھی جمعیۃ علماء ہند پچھلے ایک سو سال سے کھڑی ہے۔
نائب صدر جمعیۃ علماء ہند نے بمبئی لوکل ٹرین بم دھماکہ کے ںے بےقصور نوجوانوں کو پھانسی اور تاحیات عمر قید سے رہائی کی تفصیلات اور اس سلسلہ میں جمعیۃ علماء ہند کی بیس سالہ طویل جدوجہد کا ذکر کیا، توممبران و اراکین نہ صرف آبدیدہ ہوگئے، بلکہ آوازوں سے رونے لگے۔
مولانا مدنی نے کہا اس ملک میں مدارس پر کوئی مسئلہ اور مشکل درپیش ہوتو، تبلیغی جماعت پر کوئی مصیبت کھڑی ہو تو، مساجد اورعبادت گاہوں کے سروے پر روک جیسے محاذ میں آپ کی جماعت جمعیۃ علماء ہند کھڑی ہے۔
نائب صدر جمعیۃ علماء ہند نے پنجاب اور کشمیر حالیہ سیلاب کی تباہی پر جمعیۃ علماء ہند کی امدادرسی کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ انسانیت کی بنیاد پر جمعیۃ علماء ہند عام انسانوں کی مدد کررہی ہے۔
مولانا مدنی اپنے خطاب میں کہا کہ جمعیۃ علماء ہند مسلمانوں کے جذبات سے نہیں کھیلتی ہے، ملت کی خیرخواہی میں جو طریقۂ کار صحیح سمجھتی ہے، اسے ہر ممکن کرتی ہے۔
مولانا مدنی نے حاضرینِ اجلاس سے جمعیۃ علماء ہند میں سرگرم وابستگی کی اپیل کی تو پورے ہاؤس نے ہاتھ اٹھاکر اس کا عہد کیا۔
صوبائی جنرل سیکریٹری جناب مفتی محمد شہاب الدین قاسمی نے تنظیمی استحکام اور اس کی توسیع کے سلسلہ میں اصول وضوابط سے کارکنان کو آگاہ کیا، ان کے ولولہ انگیز خطاب سے جمعیۃ علماء ہند کے تئیں ممبران و کارکنان کے اندر عزم وحوصلہ پیدا ہوا، مفتی صاحب نے ضلع بوکارو جمعیۃ کو منظم و مرتب تربیتی اجلاس منعقد کرنے پر مبارکبادی بھی پیش کی۔
مولانا محمد اکرم قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع گریڈیہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت نائب صدر جمعیۃ علماء ہند کی ہدایت اور صوبائی جنرل سیکریٹری کی رہنمائی میں جمعیۃ علماء جھارکھنڈ کو فعال و متحرک کرنے کی جدوجہد کریں گے۔
اجلاس کی صدارت جناب مولانا افروز قاسمی نائب صدر جمعیۃ علماء ضلع بوکارو نے کی، نظامت کے فرائض جناب مولانا غلام مصطفیٰ قاسمی ناظم اصلاحِ معاشرہ جمعیۃ علماء ضلع بوکارو نے انجام دیے، قاری شمیم ثاقبی کی تلاوت اور مولانا حیدر قاسمی کی نعت سے اجلاس کا آغاز ہوا، جمعیۃ علماء ضلع کے صدر جناب عزیر صاحب اور جناب مولانا مصدق اختر قاسمی نے کلماتِ امتنان وتشکر پیش کیے۔
ان کے علاوہ مولانا شوکت ندوی، مولانا عرفان ندوی سرپرست جمعیۃ علماء ضلع بوکارو،مولانا منور حسین ندوی صدر جمعیۃ علماء حلقہ چندر پورہ، مولانا عبدالرزاق ندوی جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء حلقہ چندرپورہ، مولانا افتخار الحسن ثاقبی سیکریٹری جمعیۃ علماء بوکارو، مولانا سمیع اللہ ثاقبی رکن جمعیۃ علماء حلقہ چندرپورہ، قاری شمیم ثاقبی سیکریٹری جمعیۃ علماء بوکارو، جناب خورشید سماجی کارکن خصوصیت کے ساتھ شریکِ اجلاس رہے۔
مہمانِ خصوصی نائب صدر جمعیۃ علماء ہند کی پرسوز دعاؤں سے اجلاس کا اختتام عمل میں آیا۔
.jpeg)

.jpeg)
.jpeg)




.jpeg)
.jpeg)


ایک تبصرہ شائع کریں