جمعیۃ علماء ہند مظلوموں کی آواز ہے، اس سے وابستگی دین ہے
دھنباد 25 ستمبر
آج مدرسہ جامع العلوم مہاراج گنج دھنباد میں جمعیۃ علماء ضلع دھنباد کے زیرِ اہتمام جناب مولانا حبیب الرحمن قاسمی صدر جمعیۃ علماء جھارکھنڈ کی صدارت میں تربیتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع دھنباد کے گیارہ بلاک کے ہزاروں کارکنان، ممبران اور شہر کے دانشوران شریک ہوئے، شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے جمعیۃ علماء ہند کے نائب صدر حضرت مولانا سید اسجد مدنی نے ملکی حالات کے تناظر میں جمعیۃ علماء ہند سے وابستگی کو ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ آپ اپنے اپنے دائرۂ کار میں مظلوموں کی آواز بن جائیں، اور دین سمجھ کر خدمتِ خلق کے فریضہ کو انجام دیں۔
مولانا مدنی نے کہا کہ جس طرح قیامِ مدارس و مکاتب اور تعلیم و تبلیغ دین کا کام ہے، جمعیۃ علماء ہند کے پلیٹ فارم سے دی جانے والی ملکی اور ملی خدمات بھی دین کے کام ہیں، انہوں نے ملک میں جب بھی مدارس و مکاتب، مساجد وخانقاہ اور درگاہوں پر کوئی مصیبت کھڑی ہوتی ہے، جمعیۃ علماء ہند آگے آتی ہے، مولانا مدنی اس تناظر میں جمعیۃ علماء ہند کی حالیہ خدمات کا تفصیل سے ذکر کیا، انہوں نے ضلعی ذمہ داروں سے اپیل کی کہ زیادہ سے زیادہ مقامی جمعیتیں قائم کریں، اور ان کے واسطے سے کام کریں، مولانا مدنی نے جب مظلوموں کے مقدمات اور اس سلسلہ میں جمعیۃ علماء کی جدوجہد کا ذکر کیا تو حاضرین کی آنکھیں اشکبار ہوگئیں، اور ممبران نے ہاتھ اٹھاکر خدمتِ خلق کے کاموں کو ہر ممکن کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
مفتی محمد شہاب الدین قاسمی جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء جھارکھنڈ نے اپنے خطاب میں کہا کہ جس قدر مقامی، ضلعی اور صوبائی جمعیتیں مظبوط اور مستحکم ہوں گی، اسی قدر جمعیۃ علماء ہند کی آواز میں طاقت پیدا ہوگی، مفتی صاحب نے ضلع دھنباد میں دس لاکھ ممبرسازی کا ہدف پیش کیا، جس کو ممبران نے ہاتھ اٹھاکر تائید کی۔
اجلاس میں جمعیۃ علماء ضلع دھنباد کے صدر جناب مفتی عبدالحئ قاسمی نے پر مغز اور جامع خطبۂ استقبالیہ پیش کیا، مہمانانِ خصوصی جناب مولانا حیدرالاسلام قاسمی نائب صدر جمعیۃ علماء بہار، مولانا محمد اکرم قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع گریڈیہ، مولانا محمد رستم قاسمی جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء ضلع گریڈیہ، مفتی محمد صدیق مظاہری جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء ضلع جامتاڑا نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
نائب صدر جمعیۃ علماء ہند کی دعاؤں پر اجلاس کا اختتام عمل میں آیا۔
ایک تبصرہ شائع کریں